امام الحق گردن پر گیند لگنے سے زخمی، اسپتال منتقل

نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے امام الحق گردن پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے، ایمبولینس کے ذریعے گراؤنڈ سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔


ابوظبی میں کھیلے جارہے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے 210 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہی ہے، گرین شرٹس اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار نصف سنچری پارٹنر شپ قائم کی۔

امام الحق 54 کے مجموعی اسکور پر کیوی بولر فرگوسن کی باؤنسر گردن پر لگنے سے زخمی ہوگئے، ٹیم ڈاکٹر کو گراؤنڈ میں بلایا گیا، اس دوران امام الحق زمین پر پڑے رہے، کچھ دیر بعد انہیں اٹھایا گیا تاہم وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے، امام کو سہارے سے گراؤنڈ کے باہر منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹرز کے مشورے سے امام الحق کو اسپتال منتقل کرنے کیلئے ایمبولینس بلائی گئی اور اسٹریچر کے ذریعے انہیں ایمبولینس تک لے جایا گیا، ذرائع کے مطابق پاکستانی اوپنر کا سی ٹی اسکین کرایا جائے گا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎