عراق میں پھنسے زائرین کو پاکستانی سفارت خانے نے وطن واپس بھیج دیا

پاکستانی سفارت خانے کی کوششیں رنگ لے آئیں اور عراقی دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر کئی روز سے محصور زائرین کو واپس وطن بھیج دیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پیغام میں زائرین کو وطن آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانہ تمام زائرین کو وطن بھیجنے میں کامیاب ہوگیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹور آپریٹر کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے زائرین کے لیے مسائل پیدا ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے عراق میں پاکستانی سفیر ساجد بلال اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ 100 زائد پاکستانی زائرین گزشتہ ایک ہفتے سے بغداد ایئرپورٹ پر محصور تھے، جنہیں غیر ملکی پرواز ای کے 944 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور آنا تھا، تاہم قافلے کا سالار پرواز کی روانگی سے قبل پاسپورٹس سمیت اچانک غائب ہوگیا اور روانگی کے 3 گھنٹے بعد مسافروں کو پاسپورٹ واپس ملے،جس کے بعد زائرین نے حکومت سے وطن واپسی میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر دفتر خارجہ نے اقدامات اٹھائے۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

?>