ماڈل ٹاون کیس،سپریم کورٹ نےہائیکورٹ فیصلے کیخلاف اپیل منظورکرلی

سپریم کورٹ پاکستان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں شریف برادران کی طلبی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کرلی ہے۔

سپریم کورٹ کا 2 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر درخواست پر پہلی سماعت جمعہ 16 نومبر کو ہوگی۔سپریم کورٹ کا دو رکنی بینچ جسٹس گلزار احمد اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل ہوگا۔ سماعت کے لیے درخواست گزار سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ماڈل ٹاؤن کیس میں نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو طلب کرنے کی درخواست مسترد کی تھی، جس پر درخواست گزار نے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔

واضح رہے کہ17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے سامنے لگی رکاوٹوں کو ختم کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا تھا۔

پی اے ٹی کے کارکنوں کی مزاحمت اور پولیس آپریشن کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق، جب کہ متعدد زخمی ہوئے، جس میں خواتین بھی شامل تھیں۔

واقعہ پر پنجاب حکومت کی جانب سے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی گئی جس کی رپورٹ بھی منظرعام پر آچکی ہے۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

?>