کرنسی سمگلنگ کیس:ماڈل ایان علی نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی چیلنج کر دی

ماڈل ایان علی نے کرنسی سمگلنگ کیس میں کسٹم عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔ ہفتہ کو راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں کرنسی سمگلنگ کیس میں ایان علی کیس کی سماعت ہوئی، کسٹم جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت ڈیوٹی جج بینکنگ عدالت نے کی، دوران سماعت ملزمہ ایان علی نے نئے وکیل کے توسط سے اپنے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایان علی کی بیماری کی درخواست اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے باوجود وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے، ایان علی کے نئے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملزمہ 8 دسمبر تک عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔ عدالت نے ملزمہ ایان علی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کسٹم ٹیم کو نوٹس جاری کردیا اور مقدمہ کی سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کردی۔دوسری جانب ایان علی کے نئے وکیل نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایان علی کی صحت بہت بہتر ہوگئی ہے، وہ جلد پاکستان واپس آرہی ہیں۔واضح رہے کہ ایان علی کے پرانے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو باقاعدہ تبدیل کردیا گیا ان کی جگہ بیرسٹر سرفراز میتو اور افتخار باجوہ ایان علی کیس کے نئے ایڈووکیٹس مقرر ہوئے ہیں، دو رکنی وکلا کی نئی ٹیم نے عدالت میں وکالت نامے پیش کیے۔ ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے پاس سے 6 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

?>