نواز شریف، مریم اور صفدر کا سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل پر جواب تیار

ہائیکورٹ کا فیصلہ حقائق پر مبنی ہے اور نیب اپنا موقف ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، نواز شریف کی جواب میں استدعا— فوٹو: فائل

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر نے سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل پر سپریم کورٹ میں جمع کرانے کیلئے جواب تیار کرلیا۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیب کی سپریم کورٹ میں اپیل پر جواب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ہائیکورٹ کا سزا معطلی کا فیصلہ برقرار رکھنے کی استدعا کی۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ حقائق پر مبنی ہے اور نیب اپنا مؤقف ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے شریف خاندان کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

سزا معطلی کے فیصلے کو کالعدم کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں: چیف جسٹس

سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم کرنے کے سوا ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں، شریف خاندان کی سزاؤں کی معطلی کے فیصلے نے ملک میں فقہ قانون تباہ کردیا'۔

عدالت نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد شریف خاندان کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت 12 نومبر تک کیلئے ملتوی کی تھی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

?>