امریکا سے ریمنڈ اور آفریدی کے بدلے عافیہ کی رہائی کی بات نہیں ہوئی، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں ق لیگ کی جانب سے کسی اور کی حمایت کا خدشہ مسترد کردیا، کہتے ہیں پرویز الٰہی ہمارے ساتھی ہیں اور ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، امریکا سے ریمنڈ ڈیوس اور شکیل آفریدی کے بدلے عافیہ کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ق لیگ کسی اور کی حمایت نہیں کرے گی، پرویز الہٰی ہمارے ساتھی ہیں اور رہیں گے، جہانگیر ترین اور پرویز الٰہی کی کوئی گفتگو نہیں سنی۔

اے پی پی کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، کسی بھی طرح اس پر اثر انداز نہیں ہوسکتے، نیب کے مقدمات میں انکوائریوں سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں، نیب کے مقدمات تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کے ہیں، بدعنوان عناصر احتساب کے خوف سے نیب کیخلاف غلط پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے، ایل او سی پر بھارتی فائرنگ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے، روس خطے کا اہم ملک ہے کوشش کررہے ہیں کہ خطے میں امن کیلئے تمام قوتوں کا تعاون حاصل کیاجائے۔

شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ ہماری امریکی حکام سے بات چیت چل رہی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ہمارے حوالے کردیا جائے، ریمنڈ ڈیوس اور شکیل آفریدی کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

?>