چاہ بہار، خود کش کار بم دھماکے میں تین افراد ہلاک

ایران کے جنوب مشرقی شہر چاہ بہار میں واقع پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب خود کش کار بم دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے۔

چاہ بہار، ایران کے صوبہ سستان میں واقع ہے جبکہ یہ شہر منشیات کے اسمگلر اور علیحدگی پسندوں کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چاہ بہار کے قائم مقام گورنر جنرل راحمدل بمری نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

راحمدل بمری کے مطابق پولیس نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو رکنے کا اشارہ کرتے ہوئے ڈرائیور پر فائرنگ کی۔

سیستان و بلوچستان گورنر کے سیکیورٹی عہدیدار محمد ہادی مراشی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

ایس آئی ٹی ای نامی خفیہ ایجنسی کے مطابق خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری جہادی گروپ انصار الفرقان نے قبول کی ہے۔

آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎