یاسر شاہ نے عمران خان کو ماضی یاد دلا دیا

ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹیں لینے پر 82 سال پرانا ریکارڈ توڑنے والے یاسر شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو بھی ان کا دور کرکٹ یاد دلا دیا ۔ شاندار ریکارڈ پرعمران خان نے لیگ اسپنرکو مبارکباد دی ۔


سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرعمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’’یاسر شاہ کو مبارکباد جو صرف 33 میچزمیں 200 وکٹیں لینے کا 80 سال پرانا آسٹریلوی ریکارڈ توڑ کر تیزترین بالر بن گئے‘‘۔

عمران خان نے اپنا پرانا دور یاد کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’ گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے 14 وکٹیں لینے کا میرا ریکارڈ برابرکیا تھا، ان کی کارکردگی شاندار ہے‘‘۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ کے پاس سال 1936 میں 36 میچزمیں 200وکٹیں لینے کا اعزاز تھا جو یاسر شاہ نے صرف 33 میچ کھیل کر حاصل کرلیا۔

اٹھائیس سال کی عمرمیں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے یاسر شاہ نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 7 شکار کیے، صرف 9 میچز میں وکٹوں کی ففٹی کرنیوالے تیز ترین پاکستانی بولر بنے۔ 17 میچز میں وکٹوں کی سنچری کرنیوالے ایشیا کے تیز ترین بولر قرار پائے۔

یاسر شاہ نے 4 سال ڈیڑھ ماہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں 200 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اس دوران انہوں نے 16 بار 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎