شیخ رشید کا وزارت اطلاعات سے متعلق انوکھا بیان، کچھ دیر بعد یوٹرن

کیا وفاقی وزیر اطلاعات تبدیل ہورہے ہیں، شیخ رشید کی آف دی ریکارڈ گفتگو نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا، وزیر ریلوے نے سرگوشیوں میں وفاقی کابینہ میں پہلی تبدیلی کا اشارہ دے دیا، کہا فواد چوہدری 8 دن سے لندن میں پکنک منارہے ہیں، وزیراعظم نے مجھے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات لے لو۔


وزیراعظم عمران خان نے چند روز پہلے وفاقی وزراء کے قلم دان تبدیل کرنے کا عندیہ دیا تھا، کیا شیخ رشید نے آف دی رکارڈ گفتگو میں ان کے بیان پر تصدیق کی مہر لگادی؟۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے نیا انکشاف کردیا، کہتے ہیں کہ فواد چوہدری 8 دن سے لندن میں پکنک منارہے ہیں، وزیراعظم نے مجھے وزارت اطلاعات لینے کی پیشکش کی ہے، میں نے کہا مجھ میں اتنی ہمت نہیں کہ دن رات کام کرتا رہوں، فواد چوہدری کو کہا ہے وہ جلدی واپس آجائیں۔

فواد چوہدری نے شیخ صاحب کے بیان پر ٹویٹر پیغام جاری کردیا کہتے ہیں کہ شیخ رشید کو اپنی جگہ دے کر خوشی ہوگی۔ یہ بھی واضح کردیا کہ اب تک وہی وزیر اطلاعات ہیں، اشتہاری لابی کے آگے نہیں جھکوں گا۔

میڈیا پر خبریں چلیں تو شیخ صاحب نے اپنے ہی بیان کی تردید بھی جاری کردی، کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا فواد کی جگہ کوئی اور لے، دوست سمجھ کر فواد کو واپس آنے کا کہا ہے۔

سماء نے شیخ رشید سے رابطہ کیا تو وزیر اعظم سے ملاقات کے سوال پر وہ ناراض ہوگئے، میڈیا سے شکوہ کرنے لگے، جواب دینے کی بجائے فون بند کردیا۔

شیخ رشید نے وضاحت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پکنک والی بات میں نے مذاق میں کہی تھی، فواد چوہدری میرے بھائی کی طرح ہیں، میں اپنی وزارت میں خوش ہوں، وزارت اطلاعات آسان کام نہیں، مجھ سے منسوب باتیں بے بنیاد ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے اس معاملے پر کہا کہ کارکردگی کا نتیجہ پیرکو آنا ہے، وزیراعظم سے وزیرریلوے کی 4 میٹنگز کا علم نہیں، عمران خان وزیر اطلاعات کی کارکردگی سے خوش ہیں، شیخ رشید کی گفتگو کو اچھے تناظر میں دیکھنا چاہئے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎