حکومت شہباز شریف کو ملنے والے غیر ملکی تحائف کے حقائق سامنے لے آئی

حکومت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ملنے غیر ملکی تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائےگئے۔


صوبائی حکومت نے شہباز شریف کے دور حکومت میں وزیر اعلی ہاوسزکے اخراجات منظر عام پر لانے کااعلان کردیا۔

حکومت نے شہباز شریف کو بطور وزیراعلی پنجاب ملنے والے غیر ملکی تحائف کی تفصیلات بھی اسمبلی میں پیش کر دیں۔

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے غیر ملکی دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کی رپورٹ کے مطابق 40 غیر ملکی دوروں کے اخراجات شہباز شریف نے خود برداشت کئے تاہم ساتھ جانے والے سرکاری افسروں کے اخراجات ملکی خزانے سے ادا کئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کو جون 2013 تا مئی 2018 ء کےحکومتی دورانیے میں 35 غیر ملکی تحائف ملے،انہوں نے تمام تحائف سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے۔

بھارتی ہائی کمشنر کی طرف سے ملنے والا چاندی کا برتن گھر منتقل کیا گیا، چین سے ملنے والی ریشم کے کپڑے پر بنی گھڑی اور آذر بائیجان کے وزیر کی طرف سے ملنے والا اللہ تعالیٰ کے ناموں والا قالین اپنے پاس رکھا، 3 تحائف سیون کلب میں اور 29 اسٹور میں رکھوائے گئے۔

پنجاب اسمبلی کااجلاس سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری لیکر آیا، حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین کی گروپ انشورنس کیلئے ترمیمی بل لانے کااعلان کردیا۔

اجلاس میں سیف سٹی کے کیمروں میں بہتری لانے کی قرارداد منظور کی گئی تاہم کسانوں کو زرعی سبسڈی دینے کے حوالے سے اپوزیشن کی قرارداد منظور نہ ہو سکی جس پر اپوزیشن نے ایوان سے واک آئوٹ کیا۔

پنجاب اسمبلی نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے اور انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے قرارداد منظور کرلی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎