وزیر ریلوے شیخ رشید حکومت سے ناراض ہوگئے؟

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھانے سے ہمیں کوئی پذیرائی نہیں ملی، اگر شہباز شریف ایماندار ہیں تو پھر مسلم لیگ (ن) میں کوئی بے ایمان نہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے حکومتی فیصلے سے ناراض نظر آئے۔


انہوں نےکہا کہ عمران خان چوروں اور ڈاکوؤں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں، فالودہ والے کا کیس سامنے آیا تو لگ پتا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق سوال پرانہوں نے کہاکہ ہمارا تو کسی نے پروڈکشن آرڈر نہیں کیا، میری ماں کا جنازہ تھا اور مجھے کلاشنکوف کیس میں گرفتار کر لیا گیا، یہ جہازوں میں جاتے ہیں، فیملی کے ساتھ رہتے ہیں اور مذاکرات بھی کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرریلوے نے کہا کہ میں نے کلثوم بہن یا مریم بی بی سے متعلق کبھی بات نہیں کی، بلاول تو جانی ہے اس کے بارے میں تو بات کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس 23 دسمبر کو پشاور سے کراچی کیلئے روانہ ہو گی، دس پندرہ دن میں ٹرینوں میں ٹریکرز لگا دیے جائیں گے،ٹریکرز کے بعد لوگوں کو ٹرینوں کے شیڈول کا بآسانی پتہ چل سکے گا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎