سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی پر وزیرِ اعظم عمران خان کا پیغام

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف نے ایک پیغام جاری کیا جس کے مطابق سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی پر وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، سانحہ اے پی ایس میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی جنہوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے پوری قوم کو اس دشمن کے خلاف متحد اور مضبوط بنادیا جو انسانیت پر ایک بد نما داغ اور حیوانیت کی بدترین مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے لیے تعلیم بہترین ہتھیار ہے۔

انہوں نے پاکستان کو انتہا پسندی اور فرقہ واریت، مذہب، زبان، رنگ، نسل اور کسی بھی وجہ سے تشدد سے پاک معاشرہ بنانے کا بھی اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ دیتے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎