امریکی فوج کا شام سے انخلا: کیا ترکی اکیلا شام سے دولت اسلامیہ کو ختم کر سکتا ہے؟

ترکی کا کہنا ہے کہ وہ شام سے دولتِ اسلامیہ کی شکست کے بعد اس کی باقی ماندہ طاقت کو ختم کر سکتا ہے، تاہم ماہرین نے ترکی کے اس دعوے پر شک کا اظہار کیا ہے۔


ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاویش اوغلو نے کہا ہے کہ ان کا ملک جلد سے جلد دریائے فرات کا مشرقی حصہ عبور کر کے شام کے شمال تک پہنچنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد ترکی کو واشنگٹن کے حمایت یافتہ کرد ملیشیا کے خلاف کارروائی کا اختیار مل جائے گا، تاہم تجزیہ نگاروں نے ترکی کی نام نہاد دولتِ اسلامیہ کو شام سے ’نکالنے‘ کی صلاحیت پر شک کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ترک حکام کا کہنا ہے کہ صدر رجب طیب اردوغان نے شام سے امریکی افواج کے انخلا کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کا یہ حیران کن حکم اس وقت سامنے آیا جب ان کے ترک ہم منصب نے ٹرمپ کو قائل کیا کہ ترکی شام سے دولتِ اسلامیہ کی شکست کے بعد اس کی باقی ماندہ طاقت کو ختم کر سکتا ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاویش اوغلو نے منگل کو ایک بیان میں کہا ’ہمارے پاس اتنی طاقت ہے کہ ہم دولتِ اسلامیہ کا اثر توڑ سکیں۔‘

تاہم ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اردوغان کا شام میں اصل ہدف کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) ملیشیا ہے، جسے امریکہ نے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی کے لیے تربیت دی تھی۔

واضح رہے کہ ترکی اپنی سرحد میں کرد جنگجو تنظیم وائی پی جی ملیشیا کے داخلے کا شدید مخالف ہے۔ ترکی کو اس بات کا خوف ہے کہ یہ تنظیم ترکی میں علیحدگی پسند کرد اقلیت کو مضبوط کرے گی۔ اس کا موقف ہے کہ وائی پی جی شامی 'دہشت گرد' ہیں اور وہ کردستان ورکرز پارٹی (کے پی پی) کا حصہ ہیں۔

ترکی وائی پی جی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے، جبکہ شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں اس تنظیم کو امریکی اتحاد کی حمایت حاصل رہی ہے۔

کے پی پی سنہ 1984 سے ترکی کے خلاف برسر پیکار ہے، جسے انقرہ اور اس کے مغربی اتحادی دہشت گرد تنظیم قرار دے کر بلیک لسٹ کر چکے ہیں۔

’اپنی ہی کامیابی کے شکار‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ اتوار کو اپنے ہم منصب اردوغان سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد کہا تھا کہ ترکی دولت اسلامیہ کی ’وسیع پیمانے‘ پر شکست کے بعد اسے ’ختم‘ کر سکتا ہے۔

ترکی نے بارہا امریکہ سے کہا ہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی میں کرد جنگجو تنظیم وائی پی جی ملیشیا کو تربیت اور ہتھیار کی فراہمی بند کرے۔ ترکی کا دعویٰ ہے کہ اس کی افواج دولت اسلامیہ کے خطرے کو ختم کرنے کی موثر صلاحیت رکھتی ہیں۔

سینٹر فار اے نیو امریکن سکیورٹی سے منسلک تجزیہ کار نکولس ہیراس نے اے ایف پی کو بتایا: ’اردوغان اپنی ہی کامیابی کے شکار ہیں۔‘ نکولس کے مطابق اردوغان نے ٹرمپ سے کہا ہے کہ ترکی شام میں دولت اسلامیہ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے کہا ’ترکی کے پاس شام کی مخالف کوئی ایسی بڑی طاقت نہیں ہے، جس کے پاس زیادہ تجربہ ہو یا اتنی قابلیت ہو کہ وہ مشرقی شام کو قابو کر سکے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ترکی کو امریکی حمایت کے باوجود اتنی طاقت اکھٹی کرنے میں کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔‘

شام کے حالات پر نظر رکھنے والے ایک ماہر فیبریس بلانش کا کہنا ہے ’دولت اسلامیہ بوکمال کے قریب موجود ہے جو ترکی کی سرحد سے چار سو کلو میٹر دور ہے اور ترکی کے لیے اتنا دور جانا ناممکن ہے۔‘

انھوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد شامی فوج اور عراق کی شیعہ ملیشیا دولت اسلامیہ سے نمٹ لیں گی۔

فیبریس بلانش کے مطابق 'ترکی حیات تحریر الشام کو ختم کرنے کے قابل نہیں ہے، اور مجھے نہیں لگتا کہ ترکی عرب ملیشا کی مدد کے ساتھ دولت اسلامیہ کو ختم کر سکے گا۔'

’اصل مسئلہ فوجی نقل و حرکت‘

بلانش کے مطابق ترکی شام کے ساتھ اپنی سرحد کو بند کر کے دولت اسلامیہ کی پیش قدمی کو ’روک‘ سکتا ہے اور سنہ 2016 کی طرح شام کے شمالی علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کر سکتا ہے۔

استنبول میں سینٹر فار اکنامکس اینڈ فارن پالیسی سٹڈیز کے چیئرمین سینان اُلگن نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام میں دولت اسلامیہ کی آخری چوکیوں اور ترکی کی سرحد کے درمیان فاصلہ فوجی نقل وحرکت کا اصل مسئلہ ہے۔'

انھوں نے کہا ’یہ واضح نہیں ہے کہ ترکی اپنی سرحد سے دور فوجی کارروائی کو کیسے کنٹرول کرے گا؟‘

لندن کے چیٹھم ہاؤس میں موجود مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ پروگرام کی ڈائریکٹر لینا خطیب کا کہنا ہے کہ 'اردوغان نے ٹرمپ کو ترکی کی دولت اسلامیہ کو ختم کرنے کی اہلیت کے بارے میں ابھی تک کوئی منصوبہ نہیں بتایا ہے۔‘

انھوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ترکی کا اصل ہدف شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد کرد جنگجو تنظیم وائی پی جی ملیشیا کو نشانہ بنانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’شام سے دولت اسلامیہ کا خاتمہ صرف ایک وسیع حکمت عملی کے ذریعے ہوسکتا ہے، یہاں تک کہ آپ کے ساتھ دولت اسلامیہ مخالف بین الاقوامی اتحاد بھی ہوں۔‘



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎