جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز جاری

جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تین کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔


اب سے کچھ دیر پہلے پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 46رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 216 رنز درکار ہیں اور پہلی اننگز میں اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے امام الحق اور نائٹ واچ مین محمد عباس نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

اس سے پہلے میچ کے پہلے دن پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شان مسعود تھے جو فلینڈر کی گیند پر وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک کے ہاتھوں کچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے فوراً بعد اظہر علی بھی پہلی ہی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، انھیں بھی فلینڈر نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر مارکرام نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں بروئن 49، ہاشم آملہ 41 اور زبیر حمزہ بھی 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔

سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎