خیبرپختونخوا پولیس کے سراغ رساں کتوں کی دہشت گردی کےخلاف جنگ میں گرانقدر خدمات

خیبرپختونخوا پولیس کا کینائن یونٹ بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے۔ یونٹ کے سُراغ رساں کتوں کو اب تک 68 کامیاب آپریشنوں کا حصہ بنایا گیا جن میں بھاری کھیپ میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔


دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں دیگر شعبہ جات کی طرح خیبر پختونخوا پولیس کے کینائن یونٹ کو بھی مزید مضبوط اور فعال بنادیا گیا ہے۔ اس یونٹ میں موجود 62 سراغ رساں کتوں کو دہشت گردوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشنوں کا حصہ بنایا جاتا ہے۔ اس یونٹ کے سُراغ رساں کتوں نے اپنے قیام سے لیکر اب تک 68 آپریشنوں میں حصہ لیا اور ان کی مدد سے برآمد شدہ اسلحہ میں 63 شاٹ مشین گن، 2ایل ایم جی، 7ہینڈگرینیڈ،13 ریپیٹرز، 202 پستول، 99 رائفلز، 2 کالاکوف، 4 راکٹ لانچر اور 4488 کارتوس جبکہ بارودی مواد اور منشیات میں 18 کلو گرام بارودی مواد، 248 آئی ای ڈیز ، 38.64 کلو گرام منشیات اور 118 شراب کی بوتلیں شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا پولیس کا قائم کردہ سُراغ رساں کتوں کے یونٹ کا قیام سال 2008 میں اس وقت عمل میں لایا گیا جب دہشت گردی اپنی انتہا کو پہنچ چکی تھی۔ سال 2009 میں اس یونٹ کے لیے 4عدد سُراغ رساں کتے خریدے گئے۔ اور ان کی دیکھ بھال کے لیے 4عدد ہینڈلرز بھی بھرتی کئے گئے۔ سال 2013 میں 17 مزید سُراغ رساں کتے خریدے گئے اور مزید 4 ہینڈلرز بھرتی کئے گئے۔ اسی طرح سال 2014 کے دوران 31 عدد مزید سُراغ رساں کتے خریدے گئے اوراُن کی دیکھ بھال کے لیے 8عدد کانسٹیبل ،7 عدد ایکس سروس مین اور 22 عدد فریش ہینڈلرزکو تربیت دی گئی۔

مزید یہ کہ سُراغ رساں کتوں کی افزائش نسل بھی برابر جاری ہے اور ان کی دیکھ بھال اور تربیت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎