پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام، تیسرے ٹیسٹ میں 185رنز پر آؤٹ

جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ڈوان اولیویئر سمیت میزبان فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ اور بلے بازوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 185رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔


کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 17رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو محمد عباس اور امام الحق وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے دن کے ابتدا میں سنبھل کر بیٹنگ کی اور میزبان فیلڈر کے ڈراپ کیچز سے توویت پاتے ہوئے دن کے پہلے گھنٹے میں جنوبی افریقی باؤلرز کو پریشان کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 47رنز جوڑے اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب عباس 11 رنز بنانے کے بعد اولیویئر کی وکٹ بن گئے۔

تاہم پاکستان کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب دو گیندوں بعد ہی تجربہ کار اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے عقب میں کیچ ہو گئے۔

امام الحق نے دوسرے اینڈ سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور بابر اعظم کے ہمراہ 38 جوڑے ہی تھے کہ ورنن فلینڈر نے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے اوپننگ بلے باز کی 41رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

91رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اور کپتان سرفراز احمد کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقی باؤلنگ کے خلاف اٹیک کی پالیسی اپناتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

دونوں نے صرف 59 گیندوں پر 78رنز کی شراکت قائم کی جس میں سرفراز کی 40 گیندوں پر نصف سنچری بھی شامل تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اب یہ دونوں کھلاڑی ٹیم کو خسارے سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن کگیسو ربادا نے پاکستانی کپتان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگاتے ہوئے اس اہم شراکت کا خاتمہ کردیا۔

اگلے ہی اوور میں اولیویئر نے بابر کا بھی کام تمام کردیا جنہوں نے 49رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف پہلی گیند پر آؤٹ ہو کر اولیویئر کے لیے ہیٹ ٹرک کی امید پیدا کر گئے جسے محمد عامر نے ناکام بنا دیا لیکن 169 رنز پر قومی ٹیم یکدم تین وکٹیں گنوا کر پھر بیچ منجدھار میں کھڑی ہو گئی۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ کو قومی ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 185 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کے 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اولیویئر نے ایک مرتبہ پھر عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ فلینڈر نے تین اور ربادا نے دو وکٹیں لیں۔

پہلی اننگز میں 262 رنز بنانے والی میزبان ٹیم نے 77رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سییرز میں جنوبی افریقہ کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎