سلیم مانڈوی والا کی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے متعلق بیان کی تردید

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق ان سے منسوب بیان کی تردید کردی۔


اپنے وضاحتی بیان میں پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کوشش سے متعلق منجھ سے منسوب بیان غلط ہے، میں نے صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی بیان نہیں دیا۔

پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے متعلق فیصلہ سیاسی جماعتوں کو کرنا ہے، اس بارے میں مجھ سے منسوب بیان غلط فہمی پر مبنی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے منسوب خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی ٹی آئی کی حمایت سے چیئرمین سینیٹ بننے والے صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

اس حوالے سے گزشتہ روز بھی سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کیلئے کوئی تحریک نہیں لائی جارہی۔

سینیٹ میں مسلم لیگ ن اکثریتی جماعت ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صادق سنجرانی کو چیئرمین کیلئے نامزد کیا تھا، پی ٹی آئی نے ڈیل کے تحت ڈپٹی چیئرمین کیلئے پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا کی حمایت کی تھی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎