میگا منی لانڈرنگ کیس : اسلم مسعود کا ایک ہفتے کا راہداری ریمانڈ منظور

میگا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار انتہائی مطلوب ملزم اسلم مسعود کا ایک ہفتے کیلئے راہداری ریمانڈ منظور کرلیا گیا، ملزم کو دل کی تکلیف کے باعث اسٹریچر پر عدالت لایا گیا۔


سندھ منی لانڈرنگ کیس کے اہم ملزم اسلم مسعود بھی گرفتار ہوتے ہی بیمار ہوگئے، رات ایف آئی اے کے مہمان خانے میں گزاری تو دل کی تکلیف نے آلیا، ایف آئی اے عدالت کے بجائے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے گئی۔

اسلم مسعود کو طبی معائنے کے بعد شام گئے ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا، سینئر سول جج عامر عزیز نے ملزم کا 16 فروری تک راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے اسلم مسعود کو ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد علی ابڑو کے حوالے کردیا اور حکم دیا کہ راہداری ریمانڈ کے دوران ملزم کو کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

ایف آئی اے نے اسلم مسعود کو گزشتہ رات اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا تھا، ملزم کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب سے اسلام آباد لایا گیا تھا۔

اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود سابق صدر آصف زرداری کے اکاؤنٹنٹ بھی رہ چکے ہیں، ملزم پر 107 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 54 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلم مسعود منی لانڈرنگ کیس کے بارے میں اہم معلومات رکھتے ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎