آئی ایم ایف کے ساتھ ان شرائط پر آگے بڑھیں گے کہ عوام پر بوجھ نہ پڑے،شاہ محمود

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایسی شرائط کے ساتھ آگے بڑھیں جن سے عوام پر بوجھ نہ پڑے۔


وزیراعظم عمران خان کے ساتھ متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یواے ای میں گلوبل گورنمنٹ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے، گورننس ایک ایسا ایشو ہے جس کی ہمارے خطے کو اور بالخصوص پاکستان کو بے حد ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مسائل نے بری گورننس کی وجہ سے جنم لیا، وزیراعظم کی کوشش ہے کہ وہ ایسا ماڈل متعارف کروا سکیں اور ایسی ادارہ جاتی اصلاحات کو سامنے لائیں تاکہ اداروں کی پرفارمنس میں بہتری لائی جا سکے۔

وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ دورے کے دوران ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ بھی ملاقات ہوگی، پاکستان چاہتا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایسی شرائط کے ساتھ آگے بڑھے جن سے عوام پر کوئی ایسا ناروا بوجھ نہ پڑے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎