ترقی کی بنیاد ہی بہتر طرز حکمرانی ہے، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی کی بنیاد ہی بہتر طرز حکمرانی ہے، خیرات میں ہم بہت آگے اور ٹیکس دینے میں بہت پیچھے ہیں، جب لوگ اتنے اچھے ہیں تو ٹیکس کیوں ادا نہیں کرتے، اس کی وجہ لوگوں کا حکمرانوں پر عدم اعتماد ہے، کرپشن سے ٹیکس کا پیسہ چوری ہوتا ہے۔


دبئی میں ورلڈ رگورنمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہاکہ 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سےترقی کرتا ہوا ملک تھامگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی رفتاربرقرارنہیں رکھ سکا۔

وزیر اعظم نے کہا ملک میں ترقی نہ ہونے کا سبب ماضی کے حکمرانوں کا عوام کا پیسہ عیاشی میں اڑانا تھا ،لوگ ماضی کی حکومتوں پراعتماد نہیں کرتے تھے اس لیے وہ ٹیکس نہیں دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اصلاحات مشکل ہیں مگرضروری ہیں، جب آپ شکست مان لیتے ہیں تب ہی آپ کو شکست ملتی ہے، جب آپ اصلاحات کرتے ہیں تو لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم معاشی اصلاحات کررہے ہیں، سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں متحدہ عرب امارات کی ایئرلائن کی تشکیل میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے معاونت کی تھی، ہمیں اپنے ٹیلنٹ کو آگے لانا ہوگا، میں پاکستان کو بہت اوپر لے کر جانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے، سرمایہ کاروں سے کہتا ہوں کہ یہ وقت ہے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا، سرمایہ کار اس بہترین موقع کو ضائع نہ کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومتی وفد کے ہمراہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کے لیے دبئی گئے ہیں جہاں ان کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ سے بھی ملاقات کی ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎