آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہوگیا، شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات مفید رہی ہے جس میں بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ ہم آہنگی اور بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کے ساتھ ’اشتراک‘ کا فیصلہ ہوا ہے۔ جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے سائیڈلائن میں آئی ایم کی سربراہ سے ملاقات کی تھی۔ آئی ایم ایف کی سربراہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اس امر کی تصدیق کی تھی کہ دونوں کے مابین معاملات طے پاگئے ہیں تاہم انہوں نے شرائط کا ذکر نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کا پروگرام لائیں گے اور پروگرام میں کم آمدنی والے طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ورلڈ سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے اپنا وژن رکھا اور انہوں نے بتایا کہ ان کے سیاست میں آنے کی بنیادی وجہ کیا تھی اور عمران خان کے وژن کو ورلڈ سمٹ میں بہت سراہا گیا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎