ایران اور پاکستان کے درمیان عظیم سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں ، جام کمال خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان عظیم سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں، ہرمشکل وقت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔


کوئٹہ میں انقلاب ایران کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی قونصلیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گزشتہ صدی کے آئینے میں براعظم ایشیا کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اس تمام عرصہ میں انقلابِ ایران ایک تاریخی اہمیت رکھتا ہے، سید آیت اللہ روح اللہ خمینی وہ تاریخ ساز نام ہے جس نے انقلاب کی جنگ استقامت کے ساتھ لڑی اور ایرانی قوم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان عظیم سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں، ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے درمیان دین اسلام کا مضبوط رشتہ بھی ہے، ہرمشکل وقت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے، ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا جس کی پوری پاکستانی قوم دل سے قدر کرتی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت ان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کے لئے پر عزم ہے اور باہمی تجارت کے ہدف کو پانچ ارب ڈالر تک لے جانا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ملکوں کے درمیان تعلقات معیشت کی بنیاد پر دیکھے جاتے ہیں اور جن ممالک کے درمیان معاشی تعلقات بہتر ہوتے ہیں دنیا انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات کو وسیع کرنے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے جس میں سیستان بلوچستان اور بلوچستان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک بالخصوص سیستان بلوچستان اور بلوچستان کے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا اور ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والا دور پاک ایران تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا دور ہوگا اور وہ ایران کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور قونصل جنرل ایران نے انقلاب ایران کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر لگائی گئی تصویری نمائش اور ایرانی مصنوعات کے اسٹال کا معائنہ بھی کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بھی تقریب میں موجود تھے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎