سونم کپور کی ’’اک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘‘ آسکر لائبریری میں شامل کرنے کا فیصلہ

سونم اور انیل کپور کی نئی فلم ’’اک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا ‘‘ کوآسکر لائبریری میں شامل کیا جائے گا۔ اداکارہ نے اس خبر پر بےحد خوشی کا اظہار کیا ہے۔


اکیڈمی آف موشنز پکچرآرٹس اینڈ سائنس (اے ایم پی اے ایس) بالی ووڈ کی فلم ’’اک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘‘ کو آسکر لائبریری میں شامل کرنے سے متعلق غٖور کر رہی ہے۔

فلم ہم جنس پرستی جیسے اہم اور حساس موضوع پر بنائی گئی ہے۔ اے ایم پی اے ایس نے آسکر لائبریری میں رکھنے کے لیے فلم بنانے والوں سے اس کی اسکرین پلے کاپی طلب کی ہے۔

سونم نے اس فلم میں ہم جنس پرست لڑکی کا کردار نبھایا اور ان کا کہنا ہے کہ یہ کردار ان کیلئے بہت زیادہ خاص ہے۔

اداکارہ کے مطابق ’’یہ میرے والد کے ساتھ میری پہلی فلم ہے اور اس میں مضبوط پیغام دیا گیا ہے ، جس پر بات کرنی ضروری ہے۔ فلم کو آسکر لائبریری بنانے کیلئے منتخب کرنے پر میں بہت زیادہ خوش ہوں‘‘۔ شائقین کی جانب سے فلم کیلئے اتنا بھرپور رسپانس دینے پر بھی سونم نے خوشی کا اظہار کیا۔

فلم کے مرکزی کرداروں میں سونم کے علاوہ ان کے والد انیل کپور، جوہی چاؤلہ، راج کمار راؤ شامل ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎