اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کی راحیل شریف کی قیادت میں آمد

اسلامی فوجی اتحاد کا وفد جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد کا وفد پہلے دو روزہ دورےپر پاکستان پہنچا ہے۔


ذرائع کے مطابق جنرل (ر) راحیل شریف کی قیادت میں اسلامی فوجی اتحاد کا وفد سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کرے گا جس میں وزیراعظم عمران خان، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ، چیئرمین سینیٹ اسد قیصراور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وفد کی سول و عسکری قیادت سے ملاقات کے دوران خطے کی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات ،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے اور دیگر امور پر بات چیت ہوگی ۔

اسلامی فوجی اتحاد کے وفد کا پاکستان میں دو روزہ قیام کے بعد منگل کو واپس روانگی کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 15 دسمبر 2015ء کو اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا اعلان کیا تھا جس میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شریک تھے جن کی تعداد اس وقت 41 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلامی فوجی اتحاد کو اسلامی ممالک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قائم کیا گیا ہے جس کے پہلے کمانڈر کے طور پر پاکستان فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف فرائض انجام دے رہے ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎