لاہور ہائیکورٹ: حمزہ شہباز کی لندن قیام میں توسیع کی درخواست

لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے لندن قیام میں توسیع کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔


وکیل اعظم نذیر تارڑ نے حمزہ شہباز کی جانب سے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز کی نومولود بیٹی کی طبیعت خراب ہے، حمزہ شہباز کو بیٹی کے علاج کے لیے بیرون ملک قیام کرنا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بیٹی کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہیں حمزہ شہباز واپس آجائیں گے اور ساتھ ہی عدالت سے استدعا کی کہ عدالت حمزہ شہباز کو 14 روز مزید بیرون ملک قیام کی اجازت دے۔

حمزہ شہباز نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت درخواست منظور کرکے 14 دن توسیع منظور کرے۔

حمزہ شہباز کی درخواست میں وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عدالت کی اجازت کے بعد 3 فروری 2019 کو حمزہ شہباز نجی دورے پر برطانیہ چلے گئے تھے۔

اس سے قبل 11 دسمبر 2018 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو قطر ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دوحہ جانے سے روک دیا تھا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎