ملتان سلطانز وومن ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے اسٹیڈیم پہنچ گئے

دبئی میں پاکستان وومن اور ونڈیز وومن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہونے والے سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ملتان سلطانز کے مالک، کھلاڑی اور آفیشلز اسٹیڈیم پہنچ گئے۔


میچ کے دوران ملتان سلطانز کے مالک، کھلاڑی اور آفیشلز پاکستان وومن ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے اور میچ دیکھا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے جانے والے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ملتان سلطانز پاکستان وومن اور ونڈیز وومن ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے میدان میں موجود ہے‘۔

اس موقع پر ملتان سلطانز نے پاکستان وومن ٹیم کے ساتھ تصایر بھی بنوائیں جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی موجود ہیں۔

ملتان سلطانز کے شریک مالک بھی ایک ویڈیو پیغام میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے دکھائی دیے۔

پوری ٹیم اور اسٹاف کے ہمراہ اسٹیڈیم پہنچ کر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے پر وومن ٹیم کی چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کا شکریہ ادا کیا۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں علی ترین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا اور قومی ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے چیف سلیکٹر کے ٹوئٹ پر کہا کہ آپ ہمیشہ ہمیں وومن ٹیم کے سپورٹرز میں شمار کر سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ کامیابی پاکستان وومن ٹیم کی ون ڈے میں ونڈیز کے خلاف پہلی سیریز کی کامیابی ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎