کراچی: روئی کے گودام کی آگ نہ بجھ سکی، چھت گر گئی

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں روئی کے گودام میں لگی آگ پر 11 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، آگ سے متاثر گودام کی چھت کا ایک حصہ گر گیا ہے۔


سائٹ ایریا میں غنی چورنگی کے قریب واقع روئی کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ابتدائی طور پر آگ پر قابو پانے کے لیے 5 فائر ٹینڈر روانہ کیے گئے، تاہم آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈر روانہ کئے گئے، جبکہ آگ کے باعث گودام میں رکھی روئی کی درجنوں گانٹھے جل گئیں ۔

چیف فائر آفیسرکے مطابق گودام میں لگنے والی آگ تیسرے درجے کی ہے، گودام میں روئی کی گانٹھیں موجود ہیں، آگ بجھانے میں کافی وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ گودام میں گنجائش سے زیادہ مال بھرا گیا ہے، گودام میں ہزاروں کی تعداد میں چنے اور دالوں کی بوریاں بھی موجود ہیں۔

گودام میں موجود آگ سے بچ جانےوالی روئی کی گانٹھوں کو وہاں سے منتقل کردیا گیا ہے، کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎