کراچی: روئی کے گودام کی آگ بجھا دی گئی


کراچی کے علاقے سائٹ میں گزشتہ رات روئی کے گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔

کراچی کے علاقے سائٹ میں روئی کے گودام میں گزشتہ شب لگنے والی آگ 14 گھنٹے بعد قابو میں آئی، تیسرے درجے کی آگ بجھانے کے لیے 13فائرٹینڈر ز نے حصہ لیا۔

ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کے مطابق سائٹ ایریا جامعہ بنوریہ کے قریب روئی کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

گودام میں گزشتہ شب 9 بجے بھڑک اٹھی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔

چیف فائر آفیسر تحسین صدیقی نے گودام میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا، آگ پر قابو پانے کے لیے شہر بھر کی فائر بریگیڈ گاڑیوں کو طلب کیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ تقریباً 8 ہزار مربع گز رقبے پر رکھی روئی میں لگی، جس کی شدت کے باعث گودام کے ایک حصے کی چھت بھی منہدم ہوگئی جبکہ بھاری مالیت کی روئی اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎