اپوزیشن جماعتیں شہباز شریف کے حق میں ڈٹ گئیں

اپوزیشن جماعتیں شہباز شریف کے حق میں ڈٹ گئیں، رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی شہباز شریف کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لاکر تو دکھائے۔


سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی کی کارروائی بھی نہیں چلا سکے گی،اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر،شاہ محمود قریشی ،پرویز خٹک کی وجہ سے پارلیمنٹ چلانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف کے ارکان ایوان میں رقص کرتے رہے،حکومت نے ڈگر نہ بدلی تو اپوزیشن کو بھی ایسا ہی کرنا پڑے گا،اسمبلی کو بے توقیر طریقے سے چلانے نہیں دیں گے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اسمبلی کو کنٹینر کی طرح چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ اسمبلی میں بھی کنٹینر کی سیاست کر رہے ہیں۔عمران خان پاکستان کی تذلیل کرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسپیکر اسد قیصر کو پریشان کر دیا ہے،اسپیکرصرف پارٹی کی درخواست پر ردو بدل کرنے کا اختیار رکھتا ہے، اسپیکر کو کمیٹی ارکان کی ردو بدل کا اختیار نہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎