راکھی ساونت بدترین نہیں ، ایک راک اسٹارہیں

بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت اپنی بے باک فطرت اور منہ پھٹ ہونے کے باعث ہمیشہ تنازعات کی زد میں رہتی ہیں۔ ممکن ہے کہ دوسرے ساتھی اداکار انہیں ناپسند کرتے ہوں لیکن اداکار رنویرسنگھ نے انہیں راک اسٹار کہتے ہوئے ان سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔


بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رنویرسنگھ ان دنوں اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ اپنی نئی فلم ’’گلی بوائے ‘‘ کی تشہیری مہم پر ہیں۔

اس مقصد کے لیے وہ ایک ٹی وی شو میں شریک تھے جہاں رنویر کے پوچھنے پر میزبان کومل نہتا نے دوران شو کہا کہ اب تک جتنے بھی لوگوں کے انٹرویوز کیے ہیں ان میں سے راکھی ساونت کو سب سے بدتر پایا۔

جس پر رنویر سنگھ فورا سے دفاع کیلئے میدان میں آگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہیں، ’’راکھی ایک راک اسٹار ہیں، راکھی آئی لو یو‘‘۔

اداکار نے شو میں اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے فیملی سے متعلق بھی بتایا اور اپنی بہن کو ماں جیسا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت خیال کرنے والی ہیں، بچپن میں وہ اپنے پیسے میرے لیے چاکلیٹس خریدنے پر خرچ کردیا کرتی تھیں، اس لیے میں انہیں اپنی بڑی بہن کے بجائے اپنی ماں کہتا ہوں۔

اپنی پسندیدہ فلموں سے متعلق بات کرتے ہوئے رنویر نے کہا کہ انہیں ایسی فلمیں پسند ہیں جس میں ہیرو ایک بادشاہ جیسا ہو، بڑے بڑے مسلز اور بڑی گنیں۔

اداکار نے بتایا کہ اپنی جدو جہد کے دنوں میں ایک بار میں نے انیل کپور کی فلم ’’مسٹر انڈیا ‘‘ کے کردار ارن کا روپ دھارا اور کاسٹنگ ڈائریکٹر شانو شرما کے گھر پہنچ گیا۔ مجھے امید تھی کہ وہ مجھے ’’مسٹر انڈیا 2‘‘ میں مرکزی کردار کیلئے کاسٹ کرلیں گے۔

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’’گلی بوائے ‘‘ 14 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎