حج پالیسی 2019ء اور درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان

وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2019ء جاری کردی، اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، حج درخواستیں 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول کی جائیں گی، قرعہ اندازی 8 مارچ کو ہوگی۔


حج پالسی 2019ء کے مطابق اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 خوش نصیب پاکستانی فریضۂ حج ادا کرسکیں گے، سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور پرائیویٹ اسکیم کے تحت 71 ہزار 684 عازمین حج حجاز مقدس جائیں گے۔

اسکیم کے تحت سعودی عرب کی طرف سے دیا گیا 5 ہزار کا اضافی کوٹہ نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو دیا جائے گا، 80 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

پالیسی کے مطابق اس سال بغیر قربانی حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہوں گے، قربانی کیلئے 19 ہزار 451 روپے الگ دینا پڑیں گے، شمالی علاقوں کیلئے پیکیج 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے جبکہ جنوبی ریجن کیلئے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہوگا۔

مسلسل 3 سال ناکام رہنے والے 10 ہزار درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی الگ ہوگی، 5 سال میں سرکاری اسکیم سے حج نہ کرنے والے افراد حج بدل اور نفلی حج کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

عازمین حج 25 فروری سے 6 مارچ تک مقررہ بینکوں میں درخواستیں جمع کراسکیں گے، خوش نصیبوں کا اعلان 8 مارچ کو قرعہ انداز کے بعد کیا جائے گا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎