پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی رونمائی، تمام ٹیموں کے کپتانوں ٹائٹل جیتنے کیلئے پرعزم

پاکستان سپر لیگ کرکٹ کے چوتھے میلے کا میدان سجنے اور سیٹی بجنے کا وقت قریب آگیا، 2 روز بعد متحدہ عرب امارات میں چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوگی۔ اسلام آباد یونائٹڈ ٹائٹل کے دفاع کیلئے پُرعزم ہے تو سرفراز احمد اپنی ٹیم کو کامیاب دیکھناچاہتے ہیں، چوتھے ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 14 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔


پاکستان سپر لیگ کے تین کامیاب ایڈیشنز کے بعد چوتھا اور رنگا رنگ میلہ سجنے میں صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں، 14 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان کے میگا ایونٹ کیلئے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، سلور رنگ کی چمچماتی ٹرافی پر چاند اور تارہ نمایاں ہیں، چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ تمام ٹیموں کے کپتانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہے۔

محمد سمیع کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ ٹائٹل کا دفاع کرے گی، کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیم بہت زبردست ہے، کراچی میں ہونیوالے فائنل پر توجہ مرکوز ہے۔

سرفراز احمد ٹرافی گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں میں دیکھنا چاہتے ہیں، بولے کہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملا، شاداب، حسن علی، فہیم اشرف بہت سے کھلاڑی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کردیا کہ ٹورنامنٹ کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے چاہئیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ کوشش یہی ہوتی ہے کہ جو بھی میچ کھیلیں کارکردگی اچھی ہو، میچ جیتنے کیلئے کارکردگی میں تسلسل ہونا چاہئے، ٹیم میں ایسے کھلاڑی دیکھیں گے جو مستقل پرفارم کریں۔

لاہور قلندرز کے قائد محمد حفیظ کہتے ہیں کہ میری نیک تمنائیں تمام کپتانوں اور ٹیم مالکان کیساتھ ہیں، ٹیم پر لگا اتارنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز، سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر، کیچ پکڑتے وکٹ کیپر اور مین آف دی ٹورنامنٹ کو ملنے والے اعزازات کی بھی رونمائی ہوئی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎