معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے، وزیراعظم

جنوری 2018 کے مقابلے میں اس سال (جنوری 2019 میں) درآمدات میں گراوٹ اور برآمدات میں اضافے کا رجحان ہے جبکہ تجارتی خسارے میں 1 ارب ڈالرز کی نمایاں کمی آئی ہے، عمران خان— فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

ملکی معیشت کی گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے: مشیر تجارت

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث جنوری 2018 کے مقابلے میں اس سال (جنوری 2019 میں) درآمدات میں گراوٹ اور برآمدات میں اضافے کا رجحان ہے جبکہ تجارتی خسارے میں 1 ارب ڈالرز کی نمایاں کمی آئی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سروسز ٹریڈ کا خسارہ بھی 80 کروڑ کم ہوا ہے جبکہ جولائی 2018 سے جنوری 2019 کے دوران بھجوائی گئیں ترسیلاتِ زر میں گزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 12.2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ملکی تجارتی خسارے اور درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافہ ہوگیا

عمران خان نے کہا کہ بیرونی کھاتوں کی صورتحال میں نمایاں بہتری بھی ہماری معاشی حکمت عملی کی کامیابی کی دلیل ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری تجارتی خسارہ 9 اعشاریہ 66 فیصد کم ہوا جب کہ 7 ماہ میں برآمدات 13 ارب 23 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 2 اعشاریہ 24 فیصد اضافہ ہوا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎