ایک سال میں 10 ارب روپے کما کر دکھائیں گے، وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے کمیشن کھانے کیلئے ایک ایک ارب روپے کی ایسی مشینیں خریدیں جو بے کار پڑی ہیں۔ اوکاڑہ اور نارووال جیسے اسٹیشنوں پر غیر ضروری طور پر 40 اور 50 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ ماضی میں 6 لاکھ روپے آمدن والے اسٹیشن پر 20 کروڑ روپے لگائے گئے۔


اسلام آباد میں پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم اور تھل ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایک سال میں 10 ارب روپے کما کر دکھائیں گے اور آئندہ ماہ 2 وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے۔

ریلوے حکام کے مطابق مسافر ٹرینوں میں ٹریکنگ سسٹم نے کام شروع کردیا ہے جس سے معلوم کیا جاسکے گا ٹرین کس مقام پر موجود ہے اور منزل پر کب تک پہنچے گی۔

تھل ایکسپریس راولپنڈی سے ملتان کیلئے چلائی گئی ہے جو مظفر گڑھ، بھکر، دریا خان اور میانوالی سے گزرے گی۔ نئی ٹرین ملتان اسٹیشن سے راولپنڈی کیلئے صبح 7 بجے روانہ ہوگی جب کہ راولپنڈی سے ملتان کیلئے بھی صبح 7 بجے چلائی جائے گی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎