سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ کی نہیں قابلیت کی کمی ہے، وزیر تعلیم

صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ نے ہوشربا انکشافات کردیئے، کہتے ہیں کہ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ نہیں بلکہ قابلیت کی کمی ہے، 91 فیصد اساتذہ سائنس کا مضمون پڑھانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔


پاکستان سائنس میں کیسے ترقی کرے گا جب دوسرے بڑے صوبے میں سائنس کے ٹیچرز کا ہی کال پڑگیا، سندھ کے سرکاری اسکولوں میں تو سائنس کا ٹیچر ہی موجود نہیں۔

محکمہ تعلیم کے حالیہ سروے کے مطابق سندھ کے 42 ہزار 300 اسکولوں میں سے 90 فیصد اسکولوں میں سائنس کے ٹیچر ہی موجود نہیں، جی ہاں یعنی سندھ کے 10 میں سے صرف ایک اسکول میں سائنس ٹیچر ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم اعتراف کرتے ہیں کہ اساتذہ کو بھرتی کرتے ہوئے ان کی قابلیت کو صحیح طرح نہیں دیکھا گیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے تیارکردہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ میں 5 ہزار سے زائد اسکولز میں بچے کھلے میدانوں میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں، 9 ہزار 800 اسکولز صرف ایک کمرے پر مشتمل ہیں، 17 ہزار 700 اسکولوں میں صرف ایک استاد موجود ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎