’’سندھ میں بغیر تحریک جیل بھرنے والی ہے‘‘

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بلاول کہتے ہیں کہ جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں، سندھ میں تو تحریک کی بھی ضرورت نہیں ویسے ہی جیل بھرنے والی ہے۔


وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ امن کے لیے قربانی دینے والوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے، عام آدمی کو سب سے بڑا فائدہ عدالتی نظام میں اصلاح کے ذریعے دیا جا سکتا ہے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو حکومت یہ سمجھے کہ عدالت کے بغیر اصلاحات آ سکتی ہیں تو ایسا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11سو کنال پر بنے ہوئے وزیر اعظم ہاؤس کو کم کرنے کی جب بات کی جاتی ہے تو اس پر اعتراض کیا جاتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہ کہ وزیر اعظم عمران خان نیک نیت آدمی ہیں، ان کا دل عوام کے لیے دھڑکتا ہے، اس وقت ملک میں ان سے بہتر شخص ہمیں مل نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ہم تمام بحرانوں پر قابو پالیں گے، عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کا انقلاب متوسط طبقے کا انقلاب ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تحریکِ انصاف کے 5 سال مکمل ہونے پر ملک میں واضح فرق نظر آئے گا، اب تک تحریک انصاف کی حکومت کاایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حتساب پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، عام آدمی کو انصاف ہونے کا احساس دلانا ہے، عدلیہ اور وکلاء کے تعاون سے ہی قانونی اصلاحات ہو سکتی ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎