بلوچستان: پنجگور میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بم دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور9 زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے سات گاڑیاں اور تین موٹرسائیکلیں بھی جل کر تباہ ہوگئیں۔


پولیس کے مطابق جمعرات کی دوپہر کوئٹہ سے تقریباً 500 کلو میٹر دور پنجگور کے علاقے چتکان بازار میں گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول کے قریب واقع ایک موٹر گیراج میں دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت سے علاقے میں خو ف وہراس پھیل گیا اور بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔ گیراج میں پٹرول کی موجودگی کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور وہاں موجود گیس سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔

پنجگور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جمیل احمد باجوئی کے مطابق واقعہ کے وقت گیراج اور اس کے اطراف میں رش تھا۔ دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے سے وہاں موجود افراد کو بھاگنے کا موقع نہیں ملا اور ان میں سے دو افراد جھلس کر جاں بحق اور نو افراد زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونےوالے دونوں افراد کی لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب دو سے تین کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔ موٹر سائیکل نامعلوم دہشتگرد وہاں کھڑی کرکے فرار ہوگئے تھے۔

جمیل احمد باجوئی نے بتایا کہ حملے کا ہدف کالعدم تنظیم کے وہ ارکان تھے جو کچھ عرصہ قبل ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوچکے تھے۔ یہ افراد خراب گاڑی بنانے کیلئے گیراج آئے تھے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎