موجودہ صورتحال میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ مناسب نہیں، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے اراکین صوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کو نامناسب قرار دے دیا، شہباز گل کہتے ہیں کہ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں خیبرپختونخوا کے برابر کی گئیں، اب بھی بلوچستان کے ایم پی ایز سے کم ہیں۔


وہ کہتے ہیں کہ پنجاب اسمبلی نے بل منظور کرکے ہمیں بھیجنا تھا، تنخواہوں کا بل موصول ہوتا تو اس پر اپنا نکتہ نظر ضرور پیش کرتا، موجودہ صورتحال میں تنخواہوں میں اضافہ مناسب نہیں، معاشی صورتحال بہتر ہونے کے بعد تنخواہیں بڑھتیں تو ٹھیک تھا۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کی تنخواہ رکن اسمبلی سے زیادہ ہے، 18 ہزار ماہانہ میں گزارا مشکل نہیں، ناممکن ہے، اراکین اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانی چاہئیں لیکن درست وقت پر۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کا بل پیش کیا گیا تھا جسے حکومت اور اپوزیشن اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا تھا، یہ بل گورنر کے دستخط کیلئے بھجوایا گیا تھا تاہم اس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آیا، وزیراعظم نے بھی بل پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎