پہلا ایلی منیٹر : اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

پی ایس ایل 4 کے پہلے ایلی منیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر کردیا، دوسرے ایلی منیٹر میں کل پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا۔


نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے تھے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے 162 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کرلیا۔

ایلکس ہیلز نے 41، کیمرون ڈیل پورٹ نے 38 اور حسین طلعت نے 32 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لیوک رونکی 5، چیڈوک والٹن صفر اور فہیم اشرف 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز کو ذمہ دارانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے عامر یامین اور عمر خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ لی۔

دوسرے ایلی منیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کل پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا، فاتح ٹیم 17 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ایونٹ کے ٹائٹل کیلئے ٹکرائے گی۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎