پُرامن افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، جام کمال خان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ خطے میں امن کے قیام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے، بین الاقوامی سطح پر اسٹریٹیجک پارٹنر شپ اور سیکیورٹی کے معاملات بھی معیشت سے منسلک ہیں، سی پیک خطے کیلئے ایک گیم چینجر ہے، پر امن افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔


کوئٹہ میں افغانستان کے سفیر شکراللہ عاطف مشال سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ یہ خطہ دنیا بھر کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور تاپی گیس پائپ لائن کا منصوبہ ہمسایہ ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید رکھنی چاہئے کہ خطے میں امن کی صورتحال ضرور بہتر ہوگی، جب شمالی کوریا اور امریکا کے تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں تو اس خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات میں بھی بہتری آسکتی ہے، قومی اور معاشی مفادات ہی سے عوامی مفادات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے، خطے کے ممالک کو اپنے عوام کی ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔

افغانستان کے سفیر نے جام کمال خان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی سے متاثر ہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے، ہم معاشی تعلقات کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں، مسائل اتنے بڑے نہیں کہ جنہیں حل نہ کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان پناہ گزینوں کی مہمانداری کررہا ہے، جس کیلئے ہم شکر گزار ہیں، خطے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

اس موقع پر کوئٹہ میں متعین افغان قونصل جنرل وحید اللہ مومند بھی موجود تھے، ملاقات میں پاک افغان معاشی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان سے کویت کے قونصل جنرل محمد عبداللہ الخالدی نے بھی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، اس موقع پر کویتی سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎