کرائسٹ چرچ،2مساجد میں فائرنگ،9سے زائد نمازی شہید،متعدد زخمی

نیوزی لینڈ میں 2 مسجد پر فائرنگ کے واقعہ میں 9 افراد جاں بحق، جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ مسجد میں نماز کیلئے موجود بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محفوظ رہے۔


غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے وقت مسلح شخص داخل ہوا اور خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے مسجد میں موجود 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد میں بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے موجود تھے، جو حملے میں محفوظ رہے۔ بنگلا دیشی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مسجد کے پچھلے دروازے سے بمشکل نکالا گیا، جہاں سے انہوں نے تیزی سے نکل کر جان بچائی۔

حکام کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے پانچ سو سے زائد افراد مسجد میں موجود تھے ۔ پندرہ گاڑیوں میں سوار پولیس اہلکاروں نے بچ جانے والے نمازیوں کو بحفاظت باہر نکالا ۔ کرائسٹ چرچ کے تمام اسکولوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ بچوں کو اسکول سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اسپتالوں کے عملے کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے، جب کہ معمول کے اپوائنٹمنٹ بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ فائرنگ کے واقعے میں متعدد افراد کو گولیاں لگی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق متعدد افراد نے مسجد سے بھاگ کر جان بچائی۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کے مطابق آج کا دن ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ سماء سے گفت گو میں پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں اس سے قبل ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ حملے میں کوئی پاکستانی جاں بحق یا زخمی نہیں ہوا۔

حملے کے بعد علاقے میں موجود گرجا گھر اور اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎