بلاول بھٹو انڈیا کی زبان بول رہا ہے اور وہ بھارتی میڈیا کا ایجنٹ ہے،شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایل این جی اسیکنڈل میں شواہد نیب کے حوالے کردیئے ہیں۔


شیخ رشید احمد نیب راولپنڈی کے دفتر پہنچے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ملک زبیر کررہے ہیں۔ شیخ رشید احمد کو نیب نے آج طلب کیا تھا۔

شیخ رشید ہاتھ میں بیگ تھامے نیب کے دفتر داخل ہوئے اور صحافیوں کو بتایا کہ اس بیگ میں شواہد ہیں۔ شیخ رشید احمد ایل این جی کیس میں شکایت کنندہ ہیں،نیب نے شیخ رشید کا بیان ریکارڈ کرنے طلب کیا تھا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے خلاف جب شکایت کی تو میں اپوزیشن میں تھا، میرا کیس بہت سادہ سا تھا،جو ثبوت سپریم کورٹ میں دیئے وہی آج یہاں بھی دیئے،عمران خان کو اس لئے اتنی محنت کرنا پڑ رہی ہے کہ اس ملک کو چوروں نے نوچا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حکومت نے اس قطری شہزادے جاسم کے ساتھ معاہدہ کیا جس نے نواز شریف کے لئے خط دیا تھا، ساری دنیا کو تاثر دیا گیا کہ یہ حکومتوں کا معاہدہ ہے، اُدھر سے جاسم کی کمپنی نے دستخط کئے اِدھر سے پی ایس او نے دستخط کردئیے۔

پیپلزپارٹی سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول مجھ پر بھی تنقید کر رہا ہے، بلاول کو کہتا ہوں کہ میں وزارتوں کا بھوکا نہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اعتزاز احسن اور مولا بخش چانڈیو کو کہتا ہوں بلاول کو سمجھائیں۔

شیخ رشید نے چیلنج کیا کہ میں نے آج تک ٹوئٹ نہیں کیا تو پانچ ملین فالوورز ہیں ، جس دن ٹوئٹ کیا پہلا ٹوئٹ بلاول پر کروں گا، بلاول بھٹو انڈیا کی زبان بول رہا ہے، بلاول انڈین میڈیا کا ایجنٹ ہے، یہ وہ ظالم لوگ ہیں جو7 سال تک اپنی ماں کے ٹرائل پر نہیں گئے، آج یہ کس بات کے طعنے دے رہے ہیں۔

شیخ رشید نے تائید کی کہ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں کے معاملے پرعمران خان نے درست فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب قطر سے ساتھ ایل این جی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیات کررہا ہے۔من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 برس کے لیے ٹھیکہ دینے سے قومی خزانہ کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎