’ملک لوٹنے والوں سے این آراو ،ڈیل یا مفاہمت نہیں ہوگی‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب کوئی این آر او نہیں ہوگا،جو پیسہ لوٹ کر باہر لے گئے ہیں،ان سے ڈیل ہوگئی اور نہ ہی کمپرومائز یا مفاہمت ہوگی۔


مہمند اور باجوڑ ایجنسی میں جلسوں سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ آج جمہوریت نہیں بڑے بڑے ڈاکو خطرے میں ہیں، ملک کی بہتری اور خوشحالی کیلئے مودی سمیت ہر ایک سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں ۔

عمران خان کا کہناتھاکہ اگلے 30 دن کے دورا ن بھارت میں الیکشن سے پہلے کسی کارروائی کا خدشہ ہے،اگلے 30دن ہمیں دھیان رکھنا پڑے گا ، کہ ہندوستان کے الیکشن جیتنے کے لیے وہاں سے کسی قسم کی کارروائی نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی ہے کہ ہندوستان کی ایک جماعت الیکشن نفرتیں پھیلا کر جیتنا چاہتی ہے ،انہوں نے ایک واردات کی اور ہماری ایئر فورس نے ملک کا صحیح معنوں میں دفاع کیا ۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ پاکستان قوم امن چاہتی ہے ، ہم سب سے امن چاہتے ہیں ،ہم سارے ہمسایوں سے امن چاہتے ہیں ، ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔

عمران خان نے کہاکہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اسے کوئی غلطی سے بھی کمزوری نہ سمجھے ،کشمیر کےلوگوں پر جو ظلم ہورہا ہے ساری دنیا دیکھ رہی ہے ،جس طرح کشمیری آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں ، انہیں دلیری پر سلام پیش کرتاہوں ۔

ان کا کہناتھاکہ قبائلی علاقے کے عوام اپنی حفاظت کیلئے تیار رہیں ،سیکیورٹی فورسز بھی ہائی الرٹ ہیں،اگر ہم نے اپنے قبائلی علاقوں کی مدد نہیں کی اور پیسہ خرچ نہیں کیا تو ہمارے دشمن قبائلی علاقے میں انتشار پھیلانے اور لوگوں کو اکسانے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نےیہ بھی کہاکہ ہم سب جانتے ہيں کہ کتنی مشکلوں سے قبائلی علاقہ گزرا ،مشکل وقت سے قبائلی علاقے کے لوگ نکل چکے ہیں،آپ کا آسانی کا وقت شروع ہوگیا۔

عمران خان نے کہاکہقبائلی علاقوں کی بحالی کے لئے سندھ اور بلوچستان بھی اپنا حصہ ڈالیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎