ایلی منیٹر : پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 215 رنز کا ہدف

پی ایس ایل 4 فائنل تک رسائی کی جنگ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل، امام الحق، کیرن پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 215 رنز کا ہدف دے دیا۔


نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ 4 کے دوسرے ایلی منیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنا ڈالے، کامران اکمل اور امام الحق نے 135 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

کامران اکمل 43 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، امام الحق نے 33 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیرن پولارڈ نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 37 رنز بنائے۔

کپتان ڈیرن سیمی نے اختتامی اوورز میں دھواں دھار بلے بازی کی اور صرف 15 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنا ڈالے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ صہیب مقصود 4 اور وہاب ریاض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کیمرون ڈیل پورٹ نے 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، محمد سمیع 25، رومان رئیس 48، فہیم اشرف 38 اور محمد موسیٰ 2 اوورز میں 28 رنز دے کر بھی وکٹ سے محروم رہے۔

پاکستان سپر لیگ 4 کا فائنل آج کے میچ کی فاتح اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 17 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎

مقبول ٹیگ‎‎‎