دیا مرزا نے بھی راج کمار ہرانی پر لگے الزام پر خاموشی توڑ دی

بولی وڈ ہدایت کار راج کمار ہرانی پر ایک روز قبل ہی ان کے ساتھ فلم ’سنجو‘ میں کام کرنے والی ایک خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔


اگرچہ خاتون کا نام سامنے نہیں آیا، تاہم اب اطلاعات آئی ہیں کہ متاثرہ خاتون ’سنجو‘ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر تھیں۔

خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ راج کمار ہرانی نے انہیں مارچ سے ستمبر 2018 کے دوران سنجو کی پروڈکشن کے درمیان جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ راج کمار ہرانی نے انہیں کم سے کم 2 بار جنسی طور پر ہراساں کیا اور انہوں نے مجبوری میں یہ سب کچھ برداشت کیا۔

اداکارہ دیا مرزا نے بھی ان کی شخصیت اور کردار پر بات کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

دیا مرزا کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر بہت زیادہ بات نہیں کرنا چاہتی، کیوں کہ تاحال انہیں راج کمار ہرانی پر لگائے گئے الزامات سے متعلق مکمل آگاہی نہیں۔

’سنجو‘ میں سنجے دت کی اہلیہ منایا دت کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ راج کمار ہرانی پر لگائے گئے الزامات کے بعد ان کی غیر جانبدارانہ تحقیق کے لیے ایک قانونی کمیٹی بنائی جانی چاہیے۔

دیا مرزا کے مطابق انہوں نے راج کمار ہرانی کے ساتھ کئی سال تک کام کیا ہے اور وہ اچھی شخصیت کے مالک ہیں، تاہم ان پر خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی خبر نے انہیں سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

اداکارہ نے مطالبہ کیا کہ راج کمار ہرانی کے خلاف لگائے گئے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کی تفتیش کے لیے قانونی کمیٹی بنائی جائے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ جن دنوں انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا گیا، ان دنوں ان کے والد سخت بیمار تھے اور انہیں نوکری کی ضرورت تھی، اس وجہ سے وہ خاموش رہی۔

تاہم بعد ازاں خاتون نے راج کمار ہرانی کے قریبی ساتھیوں اور فلم سنجو کے شریک پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا، ان کی اہلیہ انوپما چوپڑا، سنجو کے لکھاری ابھیجیت جوشی اور ان کی اہلیہ کو ای میل کرکے بتایا تھا کہ انہیں فلم ساز نے جنسی طور پر ہراساں کیا۔

خاتون کی جانب سے الزامات سامنے آنے کے بعد راج کمار ہرانی نے انہیں جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوتا کہ خاتون میڈیا میں بات کرنے کے بجائے پروفیشنل انداز میں معاملے کی شکایت درج کرواتیں۔

خبر سامنے آنے کے بعد جہاں راج کمار ہرانی کی آنے والی فلم ’منا بھائی تھری‘ کی تیاری کو منسوخ کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، وہیں آنے والی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ سے بھی انہیں خارج کیے جانے کا امکان ہے۔

راج کمار ہرانی ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا کے شریک پروڈیوسر ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎