اسحاق ڈار واپس آئیں گے یا نہیں؟ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتا دیا

احتساب کی بات کریں تو اپوزیشن ناراض دلہن کی طرح میکےچلی جاتی ہے: فواد چوہدری۔ فوٹو: جیو اسکرین گریب


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک واپس آئیں گے اور پیسے بھی واپس کریں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، اسحاق ڈار سے زیادہ ان پیسوں کا انتظار ہے جو وہ ساتھ لے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ وطن واپس بھی آئیں گے اور پیسے بھی واپس کریں گے۔

اپوزیشن جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف اپنا آخری الیکشن لڑ چکے، دونوں کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو پتا چلا کہ 12 ارب ڈالر نہ ہوئے تو ہم ڈیفالٹر ہو جائیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو ڈالر 128 روپے کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا چیلنج معیشت کا ہے، اصل سفر اب شروع ہوا ہے، ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑے ہونا ہے، ہماری پہلی ترجیح تھی کہ دیوالیہ ہونے کے خطرے سے کیسے نکلیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور منی لانڈرنگ تھی، حکومت نے منی لانڈرنگ پر اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎