وزیر اعظم عمران خان وہی گاڑیاں استعمال کررہے ہیں جو ۔۔۔ مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کو کھری کھری سنا دیں

اسلام آباد:  پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان وہی گاڑیاں استعمال کررہے ہیں جو پچھلے وزیر اعظم استعمال کرتے رہے ،فواد صاحب آپ کو بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس ہیلی کاپٹر 55 روپے فی کلو میٹر میں پہنچا سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد صاحب عمران خان ننگے پاؤں سعودی عرب جاتے ہیں کوئی بات نہیں، عمران خان نے حج کی خواہش رکھنے والوں کو مدینہ اور مکہ جانے سے محروم کردیا ہے ،ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھر نہ ملے تو کوئی بات نہیں لیکن فواد چوہدری کی نوکری تو قائم ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھر نہ ملے مگر عمران صاحب کا غیر قانونی گھر تو ریگولرائز ہو گیا،حکومت عوام کو بتائے کہ منی لانڈرنگ کا تین سو ارب کب ملک واپس آئے گا؟ پانچ ماہ میں قوم ناامیدی مایوسی اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے، مکہ اور مدینہ جانے کی پاکستانیوں کی خواہش بھی بے رحم حکومت نے چھین لی ہے،عمران خان صاحب کے چہیتوں کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے سبسڈی حلال ہے  لیکن غریب حاجیوں کے لیے حرام ہے ۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ فواد صاحب نے موجودہ حکومت سے مایوس ہو کر اگلی نوکری کی تلاش شروع کر دی ہے، فواد صاحب میڈیا کے ہزاروں ورکرز بے روزگار ہو چکے ہیں، تھوڑا وقت ان کے لیے بھی نکالیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎