پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج متوقع

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے مختلف آپشنزپر غور کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج متوقع ہے جس میں وزارت صنعت و تجارت، نجکاری کمیشن اور وزارت خزانہ کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔


پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے اعلان کے بعد سے لیکر اب تک کئی آپشنز پر غور شروع ہوچکا ہے، حکومت نے سٹیل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایکسپرٹس کی ٹیم تشکیل دے کر سفارشات طلب کی تھیں جو انھوں نے تیار کرکے سٹیل ملز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کوجمع کرا دی ہیں۔

ان سفارشات پر غور کے لئے سٹیل ملز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج متوقع ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت صنعت و تجارت، نجکاری کمیشن اور وزارت خزانہ کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان سٹیل ملز کی بزنس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس بھی ہوچکا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ گیس کی اچانک بندش سے سٹیل ملز کے بلاسٹ فرنس برباد ہوگئے تھے اور اب بلاسٹ فرنس کی تبدیلی کے لئے بڑی سرمایہ کاری کرنی ہوگی جبکہ کچھ دیگر پارٹس کی بھی مرمت بھی کرنی پڑے گی۔

واضع رہے کہ سٹیل ملز کی مرمت سے سالانہ 10 لاکھ ٹن سٹیل مصنوعات پیدا ہوسکتی ہیں جبکہ سالانہ پیداوار کو 30 لاکھ ٹن تک بھی لایا جاسکتا ہے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎