بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر صدر مملکت کا قوم کے نام اہم پیغام

بانی پاکستان کی 142ویں سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن اس عزم کی تجدید کی جائے کہ ہم قائداعظم کے وژن کی روشنی میں مادر وطن کی خدمت کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر انتھک محنت کریں گے۔


صدر مملکت عارف علوی نے بانی پاکستان کے ”ایمان، اتحاد، تنظیم” کے سنہری اصولوں کی پیروی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم معاشرہ سے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور بدعنوانی کی لعنتوں سے نجات کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کیلئے خوشی اور جمہوریت، روشن خیالی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے اعلیٰ تصورات سے اپنی وابستگی کے اعادہ کا موقع ہے جنہیں ہمارے عظیم رہنماء نے اپنی پوری زندگی مقدم رکھا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ناموافق حالات میں برصغیر کے مسلمانوں کو متحد اور ایک قوم کی حیثیت سے یکجا کیا اور ان کیلئے ایک الگ اور خود مختار وطن حاصل کیا جہاں وہ اپنی روایات اور رسم و رواج کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎