ہمارے دور میں بھی کرپشن ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کے سینئر وزیر کا اعتراف

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں علیم خان نے کہا کہ عمران خان یا وزیر کا ایماندار ہونا کافی نہیں،یہ تبدیلی نیچے تک لے کر جانا ہوگی۔

پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان نےاعتراف کیا ہے کہ ہمارے دور میں بھی کرپشن ہورہی ہے،اس کا سدباب کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی کرپشن میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی،ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں بلکہ عوام سے کیے گئے وعدوں سے ہے۔


علیم خان نے مزید کہا کہ پولیس ریفارمز پر وزیر قانون کام کر رہے ہیں رپورٹ وزیراعلی تک پہنچے گی تو دیکھیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سانحہ ساہیوال پر تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے اور وزیر قانون پنجاب نے اس حوالے سے آگاہ کیا۔

پنجاب کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب پر تنقید کر رہے ہیں، مگر افسوس کی بات ہے ان کا پنجاب میں اپنا کردار کیا رہا ہے؟ پنجاب کا جو حال ہے اس کی ذمہ داری سابق وزیراعلیٰ پر عائد ہوتی ہے۔

علیم خان نے کہا کہ شہباز شریف نے جو منصوبے لگائے اب ان کو چلانا بھی مشکل ہو رہا ہے اورنج ٹرین اور میٹروز کی جگہ اسکول اسپتال بنانے چاہیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عثمان بزدار اچھے اور نفیس آدمی ہیں، جہاں ان میں کوئی کمی ہو گی ان کے پاس سینئر ٹیم ہے وہ کام کریں گے۔

پنجاب کے سینئر وزیر نے یہ بھی کہا کہ بیوروکریٹس کو کام کرنا ہو گا اور ہم ان سے کام لے کر دکھائیں گے، کوئی بیوروکریٹ کام نہیں کرے گا تو اسے ہٹا کو نیا بندہ لگائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کوئی مسئلہ ہے تو دلی ہمدردی ہے، جو ان کا جائز حق ہے وہ ملنا چاہیے ہم ان کو 100 فیصد حق دیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی چھوڑی ہوئی صوبائی نشست پر الیکشن لڑنے سے متعلق عمران خان فیصلہ کریں گے، جو فیصلہ کپتان کریں گے وہ سب مانیں گے۔



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں‎‎